بھٹکل:3/ مارچ (ایس اؤنیوز)4مارچ بروز اتوارکی شام جن سرکشا یاترا کےموضوع پر بی جے پی کی طرف سے ریلی منعقد کی جائے گی جس میں رکن پارلیمان اور مرکزی وزیر آننت کمار ہیگڈے سمیت دیگر بی جے پی لیڈران شریک ہورہے ہیں۔ اس بات کی اطلاع بھٹکل بی جے پی صدر راجیش نائک نے دی ۔
سنیچر کو خانگی ہوٹل میں پریس کانفرنس میں ریلی کی تفصیلات بتاتے ہوئے راجیش نائک نے کہاکہ ریلی شہر کے رنگین کٹا سے شروع ہوگی۔ شمس الدین سرکل، پی ایل ڈی بینک، مین روڈ، ماری کٹا، پھول بازار سے ہوتے ہوئے پرانے بس اسٹانڈ کے قریب والے میدان میں اختتام کو پہنچے گی۔ ریلی میں مرکزی وزیر اننت کمار ہیگڈے ، ودھان پریشد میں حزب مخالف لیڈر ایشورپا، شوبھا کرندلاجے ، بی جے پی تنظیمی سکریٹری سنتوش شریک ہونگے۔ انہوں نے بتایاکہ ریلی میں قریب 5000لوگ شریک ہونگے۔
ریاست میں اقتدار والی کانگریس پارٹی پر الزام لگاتے ہوئے کہاکہ کانگریس پارٹی کی طرف سے لگاتار بی جے پی کارکنا ن پر حملے ہورہے ہیں۔ 23 کارکنوں کا قتل ہواہے۔ بھٹکل میں جمعہ کو گنیش نامی بی جے پی کارکن پر بھی حملہ ہواہے جس کی ہم مذمت کرتے ہیں۔ اس موقع پر انہوں نےدعویٰ کیا کہ میگھالیہ ، تریپورہ، ناگالینڈ میں بی جے پی مضبوط حالت میں ہے اسی طرح کرناٹکا میں بھی بی جےپی کی جیت ہوگی۔ اس موقع پر بی جے پی لیڈران گوند نائک، سنیل بی نائک، کرشنا نائک، بھاسکر دئیمنے ، دتاتریہ نائک، دنیش نائک، شیوانی شانتارام ، کمار ہیبلے ، ایشور نائک، لکشمن نائک، رام چندرنائک ،پرمود جوشی موجود تھے۔